Book Review 📚 📖:Baab e Ishq by Nayab jelani Pages:345 My rating:4/5⭐
نایاب جیلانی کی تحریر پڑھنے کا ارادہ کافی عرصے سے تھا، اور میں نے "بابِ عشق" سے آغاز کیا۔ جیسے ہی پیش لفظ پڑھا کہ یہ کہانی دو حقیقی لوگوں کی محبت پر مبنی ہے اور بغیر کوئی fictional واقعات کے صرف 18 دن میں لکھی گئی ہے،مزید پڑھنے کے لیئے بہت پرجوش ہوگئی۔
کتاب نے مجھے مایوس نہیں کیا۔سب سے زیادہ جس چیز نے دل جیتا وہ مصنفہ کا خوبصوت انداز تحریر تھا، خاص طور پر first-person narration جو عام طور پر مجھے پسند نہیں، مگر یہاں اتنا خوبصورتی سے لکھا گیا کہ ایک بار شروع کرنے کے بعد رکنا مشکل تھا۔
کہانی کی ابتدا انمول زہرہ سے ہوتی ہے۔ ایک ایسی لڑکی جس کا بچپن تنہائی اور محرومیوں میں گزرا۔ ماں ایک وقت میں گھر اور باہر دونوں محاذوں پر لڑ رہی تھی، مگر انمول اور اُس کی بہن اُس توجہ کو ترس گئیں۔یہاں تک کہ ایک بیماری نے بہن کو ہمیشہ کے لیے چھین لیا۔
زہرہ کے خیالات، اس کی سوچ، اور اُس کی ٹوٹی پھوٹی دنیا کو پڑھ کر دل بھر آیا۔اُس کی نظروں میں محبت ہمیشہ ادھوری، غم سے جڑی اور دردناک دکھائی دیتی تھی۔ پھر بھی ایک ایسا کردار اُس کی زندگی میں آتا ہے جو خالص تھا، مہذب تھا، اور برسوں تک اپنی محبت سچائی سے نبھاتا رہا۔ چاہے انمول بار بار اُسے ٹھکراتی رہی۔
کہانی کا دوسرا رُخ عون کے نقطہ نظر سے دکھایا گیا۔ ایک نوجوان جو گاؤں کی مٹی میں پلا بڑھا، دوستوں کے ساتھ بےفکری کے دن گزارے، اور پھر قسمت نے ایک ایک کر کے سب چھین لیا۔ تعلیم کے سلسلے میں شہروں کا سفر، تنہائی، ہاسٹل کی زندگی، اور اپنی پہچان بنانے کی تگ و دو، یہ سب کچھ حقیقی لگا، بس کچھ مقامات پر تھوڑا سا غیر ضروری لمبا محسوس ہوا،یا شاید اس لیے کہ میں چاہتی تھی کہ اب وہ جلدی سے زہرہ سے ملے۔
اور پھر تیسرا حصہ!وہ حصہ جو پڑھ کر دل کو سکون ملتا ہے۔جب عون اور انمول زہرہ کی راہیں ملتی ہیں تو محبت صرف لفظوں میں نہیں، ماحول میں بھی گھل جاتی ہے۔
انمول کی بےچینی، عون کی ثابت قدمی، اُس کا اپنے قدامت پسند گھرانے کو منانا، اور پھر آخرکار نکاح۔ وہ سب کچھ خوبصورتی سے بیان ہوا۔
شادی کے بعد کی زندگی کو مصنفہ نے بہت خوبصورتی سے دکھایا۔میاں بیوی کے رشتے کا ہر پہلو ،پھر وہ چاہے پیار محبت ہو،یاایک لڑکی کا نئے ماحول میں خود کو ڈھالنے کی کوشش، اور ایک شوہر کا ہر قدم پر اُس کے ساتھ کھڑا ہونا۔
یہ کہانی مکمل ہونے کا دعویٰ نہیں کرتی، مگر پڑھنے والے کے دل میں ایک مکمل احساس ضرور چھوڑ جاتی ہے۔ اگر آپ ایسی محبت پڑھنا چاہتے ہیں جو درد سے شروع ہو مگر سکون پر ختم ہو تو "باب عشق"آپ کے لیے ہے۔