راشد اشرف صاحب سے تعارف پہلی بار تب ہوا جب میں فیروز سنز کے چند پرانی کتابوں کی تلاش میں تھا۔چونکہ اشتیاق احمد صاحب کے ناول جمع کرنے کا شوق بھی ہے سو اٹلانٹس پبلیکشنز تک بھی رسائی ہوئی۔ طرز بیاں اور کے بارے میں جب معلوم ہوا کہ یہ اتوار بازار سے ملنے والی نایاب کتابوں پر تبصرہ ہے تو بس فوراً پڑھنے کا ارادہ بن گیا۔ اتوار بازار کے تبصرے تو اس کتاب کا صرف ایک حصہ ہے، اور بھی بہت کچھ ہے اس کتاب میں شامل ہے۔ کتابوں پر تبصرے، شخصیات کے تعارف، مختلف کتابوں کے اقتباسات۔ آپ کو یہ کتاب بور نہیں ہونے دیتی۔ ویسے تو اس میں کئی کتابوں کے تعارف ہیں لیکن تین کتابیں ہیں جن میں بہت زیادہ دلچسپی ہو گئی ہے۔ رام لعل کی کوچہ قاتل، عتیق صدیقی کی سفر گزشت اور جون ایلیا کی فرنود۔
اے حمید صاحب سے عنبر ناگ ماریا سیریز تک ہی تعارف تھا لیکن اس کتاب کو پڑھنے سے ان کے کام کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملا۔ بچوں کے ادب کے متعلق بھی ایک مکمل مضمون خاصا دلچسپ ہے۔ ابن صفی صاحب متعلق بھی بہت سے مضامین ہے۔ اس میں سے کچھ حصہ ڈیڑھ متوالے ایڈیشن میں بھی پڑھ لیا تھا۔ باقی کچھ مصنفین سے واقفیت تھی اور اکثر سے لاعلم لیکن پڑھ کے بہت اچھا لگا۔ اردو لکھنے والوں کے بارے میں معلومات کو ایک کتاب میں محفوظ کرنا بہت عمدہ کام ہے۔